7 اکتوبر کے طوفان الاقصیٰ نے اسرائیل کو شکست دی: حافظ نعیم الرحمان
اسلام آباد: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ 7 اکتوبر کے طوفان الاقصیٰ نے اسرائیل کو شکست دی۔
وفاقی دارالحکومت میں غزہ یکجہتی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے شرکاء کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی نے اپنی تمام تر سرگرمیوں کے باوجود غزہ کو یاد رکھا اور فلسطینی عوام کے حق میں جدوجہد جاری رکھی۔
انہوں نے کہا کہ 7 اکتوبر کو دنیا کی تاریخ میں ایک بڑی تبدیلی واقع ہوئی، طوفان الاقصیٰ نے اسرائیل کی ناقابلِ شکست ہونے کی سوچ کو غلط ثابت کردیا۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ 7 اکتوبر کو اسرائیلی ٹیکنالوجی شکست کھا گئی اور امریکا بھی اسرائیل کی مدد نہ کرسکا، ان کے مطابق اسرائیل نے غزہ کے نہتے عوام سے بدلہ لیا اور معصوم فلسطینیوں پر شدید بمباری کی گئی۔
حافظ نعیم الرحمان نے دعویٰ کیا کہ 80 ہزار افراد شہید ہوئے جبکہ 10 ہزار لاشیں آج بھی ملبے تلے دبی ہوئی ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے عوام فلسطینیوں پر ہونے والے ظلم کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے، تاہم اس دوران یہ بات بھی سامنے آئی کہ مظلوموں کی مدد کرنے والا کوئی نہیں۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ امریکی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت نے پوری دنیا کی رائے کو مسترد کیا اور امریکا ایک دہشت گرد ملک کے طور پر کام کر رہا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ بدقسمتی سے امریکا کے خلاف باضمیر لوگوں کو جس طرح اٹھنا چاہیے، حکمران طبقہ اس میں رکاوٹ بن جاتا ہے۔ حافظ نعیم الرحمان کے مطابق اس وقت بھی اسرائیلی جیلوں میں ساڑھے 9 ہزار فلسطینی قید ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ حماس نے اپنی مزاحمت کے ذریعے پوری دنیا میں ایک صف بندی پیدا کردی ہے، جبکہ امریکا میں بھی 81 فیصد نوجوان فلسطین کے ساتھ اور اسرائیل کے خلاف ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ مسلم حکمرانوں کی بے حسی کے باعث اسرائیل کو نہتے فلسطینی بچوں پر بمباری کا موقع ملا۔
حافظ نعیم الرحمان نے واضح کیا کہ فلسطین کے حوالے سے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکمران طبقہ صرف بیانات جاری کرتا ہے، عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments