رواں سال کی پہلی ششماہی میں 2 لاکھ 23 ہزار یوکرینی شہری ملک چھوڑ گئے
ماسکو: (شاہد گھمن) رواں سال 2026 کی پہلی ششماہی کے دوران تقریباً 2 لاکھ 23 ہزار یوکرینی شہری ملک چھوڑ کر چلے گئے۔
یوکرین کی اسٹیٹ بارڈر گارڈ سروس کے اعداد و شمار کے مطابق جنوری سے جون 2026 کے دوران تقریباً 71 لاکھ 30 ہزار افراد نے یوکرین سے بیرون ملک سفر کیا، جبکہ اسی عرصے میں تقریباً 69 لاکھ 7 ہزار افراد ملک میں واپس داخل ہوئے۔
اعداد و شمار کے مطابق یوکرین سے روانہ ہونے اور ملک میں داخل ہونے والے افراد کی تعداد میں تقریباً 2 لاکھ 23 ہزار کا فرق ہے، جو رواں سال کی پہلی ششماہی کے دوران ملک سے شہریوں کے خالص انخلا کی نشاندہی کرتا ہے۔
یوکرین سے شہریوں کا انخلا گزشتہ کئی برس سے جاری ہے، جبکہ فوجی خدمات کی عمر کے مردوں سمیت آبادی کے ایک بڑے حصے کے لیے ملک کی سرحد بدستور محدود ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق 2022 میں تقریباً 70 سے 80 لاکھ افراد یوکرین چھوڑ کر گئے تھے۔ 2023 میں مزید ایک لاکھ 80 ہزار، 2024 میں 4 لاکھ 60 ہزار جبکہ 2025 میں تقریباً 3 لاکھ 2 ہزار افراد ملک سے باہر گئے۔
کیف کے زیرِ کنٹرول علاقوں میں موجود آبادی کی درست تعداد کا تعین مشکل ہے، کیونکہ یوکرین میں آخری مردم شماری 2001 میں کرائی گئی تھی۔
مختلف اندازوں کے مطابق اس وقت کیف کے زیرِ انتظام علاقوں میں تقریباً 2 کروڑ سے 3 کروڑ افراد مقیم ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments