طالبان مخالف کارروائیوں میں تیزی، مختلف علاقوں میں مسلح گروپوں کے تابڑ توڑ حملے

کابل: (دنیا نیوز) افغانستان میں طالبان مخالف مسلح گروہوں کی جانب سے مختلف علاقوں میں کارروائیوں میں تیزی آنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

افغانستان یونائیٹڈ فرنٹ اور نیشنل موبلائزیشن فرنٹ نے طالبان سے وابستہ اہلکاروں کے خلاف تازہ کارروائیوں کے دعوے کیے ہیں۔

افغانستان یونائیٹڈ فرنٹ کے مطابق قندھار کے ضلع خاکریز میں کارروائی کے دوران طالبان کے امر بالمعروف کے اہلکار عبدالرحمان کو ہلاک کردیا گیا۔

گروپ کا دعویٰ ہے کہ مذکورہ اہلکار شہریوں پر تشدد، غیرقانونی گرفتاریوں، جھوٹے الزامات اور مارپیٹ میں ملوث تھا۔ اس دعوے کی آزادانہ طور پر مکمل تصدیق نہیں ہوسکی۔

دوسری جانب نیشنل موبلائزیشن فرنٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ جلال آباد میں ننگرہار مرکزی جیل کے انٹیلی جنس سربراہ کو ایک منصوبہ بندی کے تحت نشانہ بنا کر ہلاک کردیا گیا۔

مقامی رپورٹس کے مطابق طالبان پولیس حکام نے بھی جیل کے انٹیلی جنس سربراہ کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے، تاہم حملے میں ملوث افراد کی شناخت فوری طور پر سامنے نہیں آسکی۔

نیشنل موبلائزیشن فرنٹ نے کہا ہے کہ طالبان، داعش اور ٹی ٹی پی کے خلاف اس کی گوریلا کارروائیاں جاری رہیں گی۔

افغانستان میں طالبان مخالف گروہوں کی جانب سے حالیہ ہفتوں کے دوران مختلف صوبوں میں متعدد حملوں کے دعوے سامنے آتے رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...