خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی سے متعلق کاغذات پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پیش

اسلام آباد: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کی منظوری کیلئے کاغذات پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پیش کر دیئے گئے۔

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدرات پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس جاری ہے، اجلاس کے آغاز پر پشاور میں سکول کی چھت گرنے کے واقعے میں بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق بچوں کیلئے دعائے مغفرت و فاتحہ خوانی کی گئی۔

بعد ازاں خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کا صدارتی فرمان پارلیمنٹ میں پیش کیا گیا، دونوں فرمان وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوددھری نے پیش کئے۔

اپوزیشن کا احتجاج

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کی تحریک پر ووٹنگ کے دوران اپوزیشن کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔

اپوزیشن کے احتجاج میں سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے گنتی کرانے کا حکم دے دیا جبکہ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ایوان میں آئین کی پاسداری اور بغیر خوف و دباؤ ذمہ داریاں نبھانا ہمارا فرض ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور کی پیش کی گئی تحریک کے حق میں 214 ووٹ آئے اور مخالفت میں 56 ووٹ پڑے۔

ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے انتظامی اور قانون سازی کے امور کیلئے میکنزم دیا گیا، ریاستی معاملات آئین پاکستان کے تحت چلائے جاتے ہیں، صوبے میں دہشت گردی دن بہ دن زور پکڑ رہی ہے، کے پی حکومت کی توجہ بڑھتی دہشت گردی کی جانب بار ہا مبذول کرائی گئی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا صوبے کی صورتحال کو نظرانداز کر کے دوروں میں مصروف تھے، کے پی حکومت کا امن و امان کے حوالے سے غیر سنجیدہ رویہ واضح تھا، سنگین حالات کے باوجود خیبرپختونخوا میں فرانزک سائنس لیبارٹری قائم نہیں کی گئی۔

اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ گورنر خیبرپختونخوا نے صوبے کی صورتحال سے صدر مملکت کو آگاہ کیا، آصف زرداری نے وزیراعظم کی ایڈوائس پر گورنر راج اور ایمرجنسی کی منظوری دی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی اور سینیٹ نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی نفاذ کی توثیق کی جبکہ اپوزیشن جماعتوں نے اس کی مخالفت اور اجلاس کا بائیکاٹ کیا۔

دوسری جانب قومی اسمبلی میں سپیکر سردار ایازصادق نے ایک بار پھر تحریک انصاف کو مذاکرات کی پیش کش کی جبکہ پی ٹی آئی ارکان ثنا اللہ مستی خیل، داوڑکنڈی کے پروڈکشن آرڈرز جاری کر دیئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...