پی ٹی آئی مثبت کردار ادا کرے تو مذاکرات پر غور ہو سکتا ہے: رانا ثناء اللہ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اگر مثبت آئینی و قانونی کردار ادا کرے تو مذاکرات پر غور کیا جا سکتا ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے طرزِ عمل سے خود اسی جماعت کو نقصان پہنچ رہا ہے، عمران خان کے وزارت عظمیٰ کے دور میں انہوں نے اپوزیشن لیڈر سے ٹیلیفون پر رابطہ تک نہیں کیا تھا، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف ایوان میں آمد کے موقع پر اپوزیشن لیڈر سے مصافحہ اور گفتگو کرتے ہیں۔

انہوں نے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کی نظربندی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو بھی اس صورت حال پر دکھ ہے، سب جانتے ہیں کہ عمران خان کی بہنیں لانگ مارچ کے حوالے سے کیا گفتگو کرتی رہی تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی بہنوں کی جانب سے گورنر ہاؤس پر چڑھائی کرنے کے بیانات دیئے گئے، اس لیے حالات قابو میں رکھنے کیلئے نظربندی ناگزیر ہوگئی تھی۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ سب کو معلوم ہے کہ جماعت کا سوشل میڈیا مافیا کس نوعیت کی باتیں کرتا رہا ہے، اگر پی ٹی آئی آئینی اور قانونی طریقے سے اپنا کردار ادا کرنے پر رضامند ہوجاتی تو عبوری نظام کی ضرورت ہی پیش نہ آتی، تاہم اب بھی اس معاملے پر غور کیا جا سکتا ہے۔

مشیر برائے وزیراعظم نے خبردار کیا کہ دہشت گردی کا فوری خاتمہ نہ کیا گیا اور قوم اس کے خلاف متحد نہ ہوئی تو ملک کے وجود کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے یکساں پالیسی ہونا بھی ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت اب پاکستان کے خلاف روایتی جنگ لڑنے کی پوزیشن میں نہیں، اس نے افغانستان میں اپنے ٹھکانے قائم کر لئے ہیں۔ بھارت پیسے دے کر پاکستان میں دہشت گردی کروا رہا ہے، جبکہ پورا خطہ پاکستان کو سکیورٹی پرووائیڈر کے طور پر دیکھ رہا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...