اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری، پولنگ 20 دسمبر کو ہوگی

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔

شیڈول کے مطابق اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات 20 دسمبر 2026 (بروز اتوار) کو 2015 کے قانون کے تحت ہوں گے۔

انتخابی شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کرانے کیلئے عوامی نوٹس 30 اکتوبر کو جاری کیا جائے گا، جبکہ امیدواروں سے کاغذات نامزدگی 2 نومبر سے 6 نومبر تک وصول کئے جائیں گے۔

امیدواروں کے ناموں کی فہرست 7 نومبر کو شائع کی جائے گی اور کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 9 نومبر سے 13 نومبر تک ہوگی، ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں 14 نومبر سے 18 نومبر تک دائر کی جا سکیں گی، جبکہ ان اپیلوں پر فیصلے 19 نومبر سے 23 نومبر تک کئے جائیں گے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات 2015 کے قانون کے تحت کرانے کا حکم

الیکشن کمیشن کے مطابق امیدواروں کی حتمی فہرست 25 نومبر کو جاری کی جائے گی، امیدواروں کو انتخابی نشانات 26 نومبر کو الاٹ کئے جائیں گے، اسلام آباد میں پولنگ 20 دسمبر کو صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک ہوگی، جبکہ الیکشن کمیشن 21 سے 24 دسمبر تک بلدیاتی انتخابات کے نتائج کا اعلان کرے گا۔

انتخابی شیڈول جاری ہونے کے بعد اسلام آباد میں سرکاری افسران کے تبادلوں اور تعیناتیوں کیلئے الیکشن کمیشن کی پیشگی منظوری لازمی قرار دی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ انتخابی عمل کو شفاف اور منصفانہ بنانے کیلئے ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا، عام تعطیل کے باوجود الیکشن کمیشن اور ریٹرننگ افسران کے دفاتر کھلے رہیں گے تاکہ انتخابی امور بروقت نمٹائے جا سکیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...