وزیراعظم آزاد کشمیر کی حریت قیادت سے ملاقات، مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے عزم کا اظہار
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی حریت رہنماؤں سے ملاقات کے لیے کل جماعتی حریت کانفرنس کے دفتر پہنچے، جہاں انہوں نے حریت کانفرنس کے رہنماؤں سے ملاقات کی۔
ملاقات میں آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال، حریت کانفرنس کی سرگرمیوں اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام پر مودی حکومت کے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل باب ہے، کشمیری عوام گزشتہ 79 برس سے حق خودارادیت کی جدوجہد کر رہے ہیں، حریت قیادت کی مسئلہ کشمیر کو زندہ رکھنے کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنا چاہتے ہیں اور حق خودارادیت کے ذریعے پاکستان کے حق میں فیصلہ کرنا چاہتے ہیں، کشمیری عوام چاہتے ہیں کہ ریاست جموں و کشمیر پاکستان کا حصہ بنے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ انسانی حقوق کی بات کرنے والی عالمی برادری کشمیر کے معاملے پر خاموش کیوں ہے؟ کشمیری عوام کے ساتھ مبینہ مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک ہے، عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر پر خاموشی توڑنا ہوگی۔
افتخار گیلانی نے کہا کہ میڈیا اور سوشل میڈیا مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے تمام متعلقہ حلقوں کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی، کشمیری عوام کی آواز دنیا بھر میں پہنچانے کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھیں گے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments