ن لیگ کا انتخابی اصلاحات کی پارلیمانی کمیٹی میں اتحادی جماعتوں کو نمائندگی دینے پر غور

اسلام آباد:(دنیا نیوز) انتخابی اصلاحات کی پارلیمانی کمیٹی میں حکومتی اتحادی جماعتوں کو نمائندگی دینے کے لیے مسلم لیگ (ن) نے اپنی نشستیں کم کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف تمام اتحادی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنے کے خواہاں ہیں، اسی تناظر میں پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے علاوہ دیگر اتحادی جماعتوں کو بھی پارلیمانی کمیٹی میں شامل کرنے کے لیے مشاورت جاری ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ق)، استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) اور مسلم لیگ (ضیاء) کا ایک ایک رکن قومی اسمبلی کمیٹی میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

اتحادی جماعتوں کو نمائندگی دینے کے لیے مسلم لیگ (ن) اپنے طے شدہ تناسب کے مطابق ملنے والی نشستوں میں کمی کرے گی۔

حکومتی ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ اتحادی جماعتوں کی کمیٹی میں شمولیت کے نتیجے میں قومی اسمبلی سے مسلم لیگ (ن) کی نمائندگی نو ارکان سے کم ہو جائے گی، اس حوالے سے مشاورت جاری ہے اور حتمی تشکیل سے متعلق فیصلہ ہونا باقی ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...