کار ڈرائیور کا مزاج دیکھ کر تبدیل ہونے والی لائٹ متعارف

سیئول: (ویب ڈیسک) جنوبی کوریا کی کار کمپنی ہیونڈائی موبس (Hyundai Mobis) نے ایک ایسی ٹیکنالوجی متعارف کرائی ہے جس کے تحت گاڑیوں میں اندرونی روشنیاں ڈرائیور کے موڈ کے مطابق تبدیل ہوں گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کمپنی نے ٹیکنالوجی کے حوالے سے بتایا کہ اسے ڈرائیوروں کے مزاج کے ساتھ ساتھ ارد گرد کے ماحول کو بھی محسوس کرنے کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ اندرونی لائٹس کے رنگ، چمک اور ڈسپلے خود بخود ایڈجسٹ ہوسکیں۔

ڈرائیور کی دھڑکن اور پلکیں جھپکنے کی تعداد کی مانیٹرنگ گاڑی میں نصب سینسرز اور کیمروں سے کی جائے گی تاکہ ڈرائیور کے جذبات کا اندازہ لگایا جاسکے۔

ڈرائیور سے متعلق معلومات اور موسم جیسے دیگر عوامل کا استعمال کرتے ہوئے نیا لائٹنگ سسٹم کل 32 مختلف پیٹرن تیار کر سکتا ہے۔

ہیونڈائی موبس کے ایک نمائندے نے بتایا کہ مثال کے طور پر ڈرائیور ذہنی دباؤ میں ہے تو گاڑی میں روشنی سرخ ہو جائے گی اور اگر کوئی تناؤ میں نہیں ہے اور نارمل ہے تو روشنی سبز ہو جائے گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں