بوڑھے افراد کیلئے موسیقی سیر و تفریح سے زیادہ مفید قرار

مشی گن: (ویب ڈیسک) امریکی ماہرین صحت نے کہا ہے کہ بوڑھے افراد کیلئے موسیقی سیر و تفریح سے زیادہ مفید ہے۔

یونیورسٹی آف مشی گن کی جانب سے صحت مند بڑھاپے کے متعلق کئے جانے والے سروے کے دوران 50 سے 80 برس کے درمیان 75 فیصد افراد کا کہنا تھا کہ موسیقی انہیں ذہنی دباؤ سے راحت بخشتی ہے جبکہ 65 فیصد افراد نے کہا کہ موسیقی ان کی ذہنی صحت یا مزاج میں بہتری میں مدد دیتی ہے۔

60 افراد نے بتایا کہ موسیقی سننے سے وہ اپنے اندر توانائی محسوس کرتے ہیں۔

مزید برآں 41 فیصد افراد کا کہنا تھا کہ موسیقی ان کیلئے بہت اہمیت کی حامل ہے جبکہ 48 فیصد نے موسیقی کو اپنی زندگی میں معمولی اہم قرار دیا۔

سروے کرنے والی ٹیم کے ساتھ کام کرنے والے پروفیسر جول ہوویل نے کہا کہ موسیقی میں زندگی کو بامعنی اور پُرلطف بنانے کی طاقت ہوتی ہے، یہ انسانی وجود کے بنیادی سانچے میں بُنی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ موسیقی اپنے اندر صحت کے متعدد مسائل پر محسوس کئے جانے والے اثرات بھی رکھتی ہے، محققین یہ جانتے ہیں کہ موسیقی بلڈ پریشر اور ڈپریشن کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر پڑنے والے مثبت اثرات سے تعلق رکھتی ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں