ڈاکٹروں نے مریض کو بے ہوش کئے بغیر دماغ کی سرجری کردی

عمان :(ویب ڈیسک )اردن کے ڈاکٹروں نے بیس سال کے مریض کا بغیر جنرل اینستھیزیا کے برین ٹیومر آپریشن کردیا۔

دارالحکومت عمان کے پرنس حمزہ ہسپتال کے نیورو سرجری کے شعبے میں ڈاکٹروں کا بے ہوش کیے بغیر کسی مریض کے برین ٹیومر کی سرجری اردن میں اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے۔

ہسپتال کے نیورو سرجری کے شعبے کے سربراہ ڈاکٹر محمد طراونہ نے عرب میڈیا کو بتایا کہ آپریشن میں 6 گھنٹے لگے، آپریشن کے دوران مریض مکمل طور پر بیدار تھا اور اسے بار بار چھینک آتی تھی۔

ڈاکٹر محمد طراونہ کا کہنا تھا کہ مریض کو بیدار رکھنے کا مقصد اسے آپریشن کے دوران کچھ کام کرنے کی ہدایت کرنا ہے تاکہ ٹیومر کی جگہ کے قریب حساس افعال کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ مریض آپریشن کے وسط میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ ایک ویڈیو کال کررہا تھا تاکہ اسے اہل خانہ کی طرف سے حوصلہ ملتا رہے۔

ڈاکٹر طراونہ نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ اس قسم کے آپریشن کا استعمال ایسے مریضوں کے علاج کے لیے کیا جاتا ہے جو دماغ کے حساس مراکز جیسے کہ گفتگو اور ادراک کے مرکز کے قریب ٹیومر کا شکار ہوتے ہیں۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ان آپریشنوں کا مقصد مریض کو بیدار رکھنا اور طبی ٹیم کے ساتھ تعاون کرنے کے قابل بنانا ہے، دماغی رسولی کو ہٹانے کے دوران ان سے مسلسل بات کرتے رہنا تاکہ اسے بولنے یا زبان کی سمجھ میں کمی جیسی پیچیدگیوں کا سامنا نہ ہو۔

واضح رہے کہ دماغ کی سرجری کیلئے ڈاکٹروں کا پہلا کام مریض کو بے ہوش کرنا ہوتا ہے اور آپریشن کے بعد مریض کو مکمل ہوش میں آنے کیلئے 24 گھنٹے کا وقت درکار ہوتا ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں