نفسیاتی مریضوں کے علاج کیلئے کتے مدد گار بن گئے

بارسلونا:(ویب ڈیسک )سپین کے ہسپتال نے مریضوں کا حوصلہ بڑھانے اور بہتر نفسیاتی علاج کے لیے کتوں سے مدد لینا شروع کردی۔

ڈیل مار ہسپتال میں ایک خصوصی پروگرام کے تحت انتہائی نگہداشت کے شعبے (آئی سی یو) کے مریضوں کو ہفتے میں دو بار 15 سے 20 منٹ کے لیے تربیت یافتہ کتوں سے ملوایا جاتا ہے۔

ہسپتال میں زیر علاج 34سالہ جوئیل بیونونے آئی سی یو میں اپنے بیڈ پر لیٹے لیٹے خصوصی مہمان کا استقبال کرتے ہوئے اپنے چہروں پر ڈھلک آنے والے خوشی کے آنسو پونچھے، یہ چار ٹانگوں والا مہمان تھا یعنی ایک کتے کو بیونو سے ملوانے کے لیے لایا گیا، ’تھراپی ڈاگز‘ وِڈا اور لُو سے بیونو کو بہت پیار ملا، اُسے اپنے گزرے ہوئے زمانے یاد آگئے۔

برطانوی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے بیونو نے بتایا کہ کسی سے پیار ملنا بہت بڑی بات ہے، آپ چاہے جس حالت میں بھی ہوں، وہ تو آپ سے پیار ہی کرتے ہیں اور اِس کا اظہار بھی کرتے ہیں۔

بارسلونا کے ڈیل مار ہسپتال نے ایفینیٹی فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر آئی سی یو میں داخل مریضوں کا مورال بلند کرنے کی خاطر تربیت یافتہ کتوں سے مدد لینے کا پروگرام شروع کیا ہے۔

یہ پروگرام بہت حد تک کامیاب رہا ہے، آئی سی یو کے مریض اِن تربیت یافتہ کتوں کے ساتھ جنہیں ’تھراپی ڈاگز‘ کا نام دیا گیا ہے وقت گزار کر بہت خوش ہوتے ہیں اور اُن میں زندہ رہنے کی بھرپور لگن پیدا ہوتی ہے۔

دریں اثنا ڈیل مار ہسپتال میں آئی سی یو کی ڈاکٹر لُوسیا پِکازو نے بتایا کہ اگرچہ تربیت یافتہ کتوں سے مدد لینے کا تصور نیا اور کچھ عجیب ہے مگر حیرت کی بات یہ ہے کہ یہ تجربہ خاصا کامیاب رہا ہے، مریض بہت اچھا محسوس کر رہے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں