طالبان دہشتگردی سے متعلق دنیا سے کئے وعدے پورے کریں: امریکا

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا نے کہا ہے کہ طالبان دہشتگردی سے متعلق دنیا سے کئے گئے وعدے پورے کریں، افغانستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں نہ بننے دی جائیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے پریس بریفنگ کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ امریکا خطے میں دہشتگردی کے خطرات سے چوکس ہے، ہم ابھرتے خطرات کیخلاف بھی تیار رہتے ہیں، 2022ء میں کارروائی کے دوران کابل میں القاعدہ کا سربراہ مارا گیا تھا۔

قبل ازیں پاکستان میں توانائی کے بحران پر صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے میتھیو ملر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی توانائی کی کمی سے نمٹنے میں مدد کرنا امریکا کی ترجیحات میں شامل ہے، ہم نے پاکستان میں تقریباً 4 ہزار میگاواٹ توانائی کی صلاحیت کے اضافے میں مدد کی ہے۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے منصوبوں نے پاکستان کی بجلی کی صلاحیت میں اضافہ کیا ہے جس سے پاکستان میں آج لاکھوں گھروں کو بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔

علاوہ ازیں میتھیو ملر نے دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی گرفتاری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت میں اپوزیشن جماعتوں کے خلاف اقدامات پر گہری نظر ہے، اروند کیجریوال کیلئے منصفانہ، بروقت قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے۔

وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی گرفتاری سے متعلق امریکا کے تشویش کا اظہار کرنے پر بھارتی وزارت خارجہ نے امریکی سفارت کار کو طلب کر کے احتجاج بھی ریکارڈ کرایا ہے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں