کملا ہیرس کا صدارتی امیدوار کیلئے مطلوبہ حمایت حاصل کرنے کا دعویٰ

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا کی نائب صدر کملا ہیرس نے ڈیموکریٹ پارٹی کی صدارتی امیدوار نامزد ہونے کیلئے مطلوبہ حمایت حاصل کرنے کا دعویٰ کر دیا۔

ایک بیان میں ڈیموکریٹ پارٹی کی ممکنہ صدارتی امیدوار کملا ہیرس نے کہا کہ میرے لئے یہ قابل فخر ہے کہ ڈیموکریٹ کا صدارتی امیدوار نامزد ہونے کیلئے مطلوب حمایت حاصل کر لی، جب میں نے صدارتی الیکشن لڑنے کا اعلان کیا تو اسی وقت کہہ دیا تھا کہ نامزدگی جیتوں گی۔

انہوں نے کہا کہ مجھے اس بات پر اور بھی فخر ہے کہ اپنی ریاست کیلیفورنیا کے وفد نے انتخابی مہم کوعروج پر پہنچایا، اب باضابطہ طور پر ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار کی نامزدگی قبول کرنے کی منتظر ہوں، صدر جوبائیڈن اور ہر اس شخص کی شکر گزار ہوں جنہوں نے اعتماد کا اظہار کیا۔

امریکا کی نائب صدر کملا ہیرس نے کہا ہے کہ میں منتظر ہوں کہ اپنا مقدمہ عوام تک لے جاؤں، یہ الیکشن دو ویژنز کے درمیان واضح چوائس ہوگا، ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کو اس جگہ پر واپس لے جائیں گے جب ہم میں سے کئی کے پاس برابر حقوق نہیں تھے اور مکمل آزادی بھی نہیں تھی۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ اگلے چند مہینوں میں ملک کے مختلف حصوں کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہوں اور ان امور پر بات کروں گی جن کے بارے میں خدشات ہیں، ڈیموکریٹ پارٹی اور قوم کو متحد کرنے کا ارادہ رکھتی ہوں اور ڈونلڈ ٹرمپ کو نومبر میں ہرانے کا تہیہ کیے ہوئے ہوں۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں