ٹرمپ کی مقبولیت میں اضافہ، نومبر میں 63 فیصد عوام کی حمایت ملنے کا امکان

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا میں رواں سال نومبر میں ہونے والے صدارتی الیکشن کی دوڑ میں ڈونلڈ ٹرمپ اب تک سب سے آگے ہیں۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق رواں سال نومبر میں ہونے والے امریکا کے صدارتی انتخابات سے قبل ہی ری پبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو بہت زیادہ عوامی مقبولیت حاصل ہو گئی ہے جس کی وجہ سے وہ الیکشن جیتنے کی دوڑ میں سب سے آگے ہیں۔

امریکی میڈیا کا دعویٰ کرتے ہوئے کہنا ہے کہ صدارتی دوڑ میں ری پبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو کملا ہیرس پر بڑی برتری حاصل ہے، سابق امریکی صدر کے کامیابی کے 63 فیصد اور ان کی مخالف امیدوار کملا ہیرس کے صرف 32 فیصد امکانات ہیں۔

رپورٹس کے مطابق صدارتی انتخابات جیتنے کیلئے ڈونلڈ ٹرمپ کو بہت زیادہ عوامی مقبولیت حاصل ہے، دوسری جانب کملا ہیرس نے انتخابی مہم کا آغاز کردیا، 24 گھنٹوں میں ڈونرز سے 81 ملین ڈالر اکٹھے کر لئے، فنڈ ریزنگ مہم کا مقصد ڈیموکریٹس کی حمایت حاصل کرنا ہے۔

واضح رہے کہ ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جوبائیڈن کی جانب سے صدارتی دوڑ سے دستبرداری کے اعلان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ نائب صدر کملا ہیرس کو صدارتی الیکشن میں شکست دینا بہت ہی آسان ہوگا۔

دوسری جانب امریکی صدر جوبائیڈن نے بھی آئندہ صدارتی الیکشن میں اپنے سپورٹرز سے کملا ہیرس کی حمایت کرنے کی اپیل کر رکھی ہے جبکہ 50 سے زیادہ ڈیموکریٹ ارکان کانگریس بھی کملا ہیرس کی حمایت میں سامنے آ چکے ہیں۔

توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ اگست میں ہونے والے ڈیموکریٹک پارٹی کے نیشنل کنونشن میں صدارتی امیدوار کو باقاعدہ نامزد کیا جائے گا، ڈیموکریٹس نیشنل کنونشن ریاست مشی گن میں 19 سے 22 اگست تک ہو گا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں