صدر جوبائیڈن نے اپنے سپورٹرز سے کملا ہیرس کا ساتھ دینے کی اپیل کر دی

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر جوبائیڈن نے آئندہ صدارتی الیکشن میں اپنے سپورٹرز سے کملا ہیرس کی حمایت کرنے کی اپیل کر دی۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اپنے ایک بیان میں امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ جانتا ہوں صدارتی دوڑ سے باہر ہونے کی خبر سب کیلئے حیران کن تھی، وائٹ ہاؤس کی دوڑ سے باہر ہونے کا میرا فیصلہ درست تھا، میرے سپورٹرز کملا ہیرس کی بھرپور حمایت کریں۔

دوسری جانب 50 سے زیادہ ڈیموکریٹ ارکان کانگریس نے کملا ہیرس کی حمایت کر دی ہے، امریکی ریاست مشی گن، الینائے، منی سوٹا، وسکونسن اور کینٹکی کے گورنروں نے بھی کملا ہیرس کا ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے۔

توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ اگست میں ہونے والے ڈیموکریٹک پارٹی کے نیشنل کنونشن میں صدارتی امیدوار کو باقاعدہ نامزد کیا جائے گا، ڈیموکریٹس نیشنل کنونشن ریاست مشی گن میں 19 سے 22 اگست تک ہو گا۔

واضح رہے کہ امریکا کے ہاؤس سپیکر نے صدارتی الیکشن سے دستبردار ہونے کے اعلان کے بعد امریکی صدر جوبائیڈن سے عہدہ چھوڑنے کا بھی مطالبہ کر رکھا ہے، سپیکر کا کہنا ہے کہ جوبائیڈن صدارتی انتخابات لڑنے کے قابل نہیں تو وہ بطور صدر کام کرنے کے بھی قابل نہیں ہیں۔

ہاؤس سپیکر مائیک جانسن کا مزید کہنا تھا کہ امریکی صدر جوبائیڈن کو فوری طور پر عہدہ صدارت سے بھی استعفیٰ دینا چاہیے، 5 نومبر کی تاریخ اتنی جلدی نہیں آئے گی۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں