یو اے ای میں مظاہروں اور فسادات میں ملوث بنگلہ دیشی شہریوں کی معافی کا حکم جاری

ابوظہبی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے گزشتہ ماہ یو اے ای کی مختلف ریاستوں میں ہونے والے مظاہروں اور فسادات میں ملوث بنگلہ دیشی شہریوں کی معافی کا حکم دیا ہے۔

یو اے ای کی نیوز ایجنسی کے مطابق فیصلے میں سزا یافتہ افراد کی سزائیں منسوخ کرنا اور ان کی ملک بدری کا بندوبست بھی شامل ہے، متحدہ عرب امارات کے صدر کے حکم کے تحت اٹارنی جنرل ڈاکٹر حمد الشمسی نے بنگلہ دیشی شہریوں کی سزاؤں پر عملدرآمد روکنے اور ملک بدری کے طریقہ کار کا آغاز کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔

اٹارنی جنرل نے متحدہ عرب امارات کے تمام رہائشیوں سے ملک کے قوانین کا احترام کرنے کی اپیل کی اور زور دے کر کہا کہ ریاست اور اس کے قانونی ڈھانچے کے تحت رائے کے اظہار کے حق کو تحفظ حاصل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ریاست خیالات کے اظہار کے لئے قانونی ذرائع فراہم کرتی ہے اور اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ یہ حق ایسے اقدامات میں تبدیل نہ ہو جو قوم اور اس کے عوام کے مفادات کو نقصان پہنچا سکے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں