44 مختلف کھیلوں کی فیڈریشنز کو مالی تفصیلات جمع کرانے کی ہدایت

کراچی :(ویب ڈیسک ) پاکستان سپورٹس بورڈ نے 44 مختلف کھیلوں کی فیڈریشنز کو مالی معاملات کی تفصیلات جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے تنیبہ کی ہے کہ تفصیلات جمع نہ کرانے والی فیڈریشنز کی فنڈنگ روکی جاسکتی ہے۔

پاکستان سپورٹس بورڈ کی جانب سے جاری کردہ خط میں بورڈ نے تمام سپورٹس فیڈریشنز سے مالی معاملات کی تفصیلات طلب کی ہیں، ان تفصیلات میں گزشتہ مالی سال کی آڈٹ رپورٹ اور بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات شامل ہیں۔

پاکستان سپورٹس بورڈ نے ہدایات جاری کی ہیں کہ کھیلوں کی فیڈریشنز اپنے سالانہ آڈٹ شدہ اکاؤنٹس اور بینک سٹیٹمنٹس 15 ستمبر 2024 تک جمع کرائیں، فیڈریشنز کو 30 جون 2024 کو ختم ہونے والے مالی سال کے مکمل آڈٹ شدہ مالیاتی گوشوارے جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہیں جن کی تصدیق تسلیم شدہ چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ فرم سے کرانا لازمی ہوگی۔

خط کے مطابق فیڈریشنز کو 1 جنوری 2023 سے 31 اگست 2024 تک کی مدت کے تمام بینک اکاؤنٹس کے تصدیق شدہ سٹیٹمنٹس جمع کرانےکو بھی کہا گیا ہے۔

پاکستان سپورٹس بورڈ نے فیڈریشنز پر واضح کیا ہےکہ دستاویزات کی عدم فراہمی کی صورت میں فیڈریشنز کی مستقبل کی مالی معاونت روکی جاسکتی ہے، کارروائی کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہےکہ فنڈز کا درست استعمال ہو اور اس کا فائدہ ان کھلاڑیوں کو پہنچے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں