میٹا کے آئی اے فیچر نے خاتون کی زندگی بچا لی
کیلی فورنیا :(دنیا نیوز) میٹا کے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی اسسٹنٹ میٹا اے آئی کا استعمال اب کمپنی کی تمام سروسز میں کیا جا رہا ہے۔
ویسے تو صارفین اسے اے آئی چیٹ بوٹ کو مختلف سوالات کے جواب جاننے یا تصاویر بنانے کے لیے کرتے ہیں، مگر اس نے بھارت میں ایک خاتون کی جان بچانے میں مدد کی ہے، میٹا اے آئی نے بھارتی شہر لکھنو سے تعلق رکھنے والی خاتون کی زندگی بچائی ہے۔
اس اے آئی اسسٹنٹ کی جانب سے پولیس کو خاتون کی جانب سے خودکشی کی کوشش سے خبردار کیا گیا تھا، پولیس نے اس الرٹ پر فوری ایکشن لیتے ہوئے اس خاتون کی زندگی بچا لی۔
مقامی پولیس کے مطابق 21 سالہ خاتون اپنے شوہر کی جانب سے چھوڑے جانے پر پریشان تھی اور اس نے خودکشی کرنے کا فیصلہ کیا، اس خاتون نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں اس کے گردن کے گرد پھانسی کا پھندا موجود تھا۔
سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد مقامی پولیس کو میٹا کی جانب سے الرٹ موصول ہوا جس کے بعد وہ متحرک ہوگئی، وہ فوری طور پر اس گاؤں میں پہنچے جہاں وہ خاتون رہائش پذیر تھی اور اسے خودکشی کرنے سے روکا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ گھر میں موجود دیگر افراد کو علم ہی نہیں تھا کہ وہ خاتون خودکشی کی کوشش کرنے والی ہے، بعد ازاں خاتون کے شوہر کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔