سٹورمی ڈینیئلز کیس: ٹرمپ کی سزا صدارتی انتخابات تک ملتوی
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) اداکارہ سٹورمی ڈینیئلز کی خاموشی خریدنے کے الزام میں ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف دائر مقدمے کی نگرانی کرنے والے جج نے متوقع فیصلے کو اب امریکی صدارتی انتخابات تک ملتوی کر دیا ہے۔
ریپبلکن صدارتی امیدوار کو تجارتی دستاویزات میں جعلسازی کے جرم میں سزا سنانے کے بعد 18 ستمبر کو سزا سنائی جانی تھی لیکن جج جوآن مرچن نے اسے 26 نومبر تک ملتوی کر دیا، یاد رہے انتخابات پانچ نومبر کو ہوں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ مئی میں ٹرمپ پہلے امریکی صدر بن گئے جنہیں کسی جرم میں سزا سنائی گئی، جب نیویارک کی ایک جیوری نے انہیں 2016ء کے انتخابات سے قبل فحش اداکارہ کی خاموشی خریدنے کے لئے ادا کی گئی رقم کو چھپانے کے لئے دستاویزات میں جعلسازی کا مجرم قرار دیا تھا۔
دو دن تک غور و خوض کے بعد 12 رکنی جیوری نے اعلان کیا کہ اس نے یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ ٹرمپ ان تمام 34 الزامات میں قصوروار ہیں جن کا وہ سامنا کر رہے ہیں۔
اس فیصلے نے 5 نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات سے پہلے ریاست ہائے متحدہ امریکہ کو ایک غیر معمولی صورتحال میں دھکیل دیا، 77 سالہ ٹرمپ نے کسی غلط کام سے انکار کیا اور بعد میں اس فیصلے کے خلاف اپیل کی۔
اس کیس میں ٹرمپ کو زیادہ سے زیادہ سزا چار سال قید ہو سکتی ہے لیکن ایسے جرم کے مرتکب افراد کو عموماً کم سزائیں دی جاتی ہیں، اسے جرمانے کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔