ادب کا نوبیل انعام پہلی بار جنوبی کوریا کی مصنفہ ہن کانگ کے نام

واشنگٹن: (ویب ڈیسک ) ادب کا نوبیل انعام پہلی بار جنوبی کوریا کی مصنفہ ہن کانگ کودینے کا اعلان کیا گیاہے ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق رواں برس جنوبی کوریا کی مصنفہ ہن کانگ کو نوبیل انعام برائے ادب دیا گیا ہے۔

ہن کانگ 1970 میں جنوبی کوریا کے شہر گوانگجو میں پیدا ہوئیں اور نو برس کی عمر میں دارالحکومت سیئول منتقل ہوئیں ، ان کا تعلق ادبی گھرانے سے ہے اور ان کے والد بھی ناول نگار تھے۔

ہن کانگ تحریر و تصنیف کے ساتھ ساتھ موسیقی سے بھی گہرا شغف رکھتی ہیں اور ان کے ادبی شہ پاروں میں اس کا اثر نظر آتا ہے۔

سال 2007 میں ان کے ناول ’دی ویجیٹیرین‘ سے انہیں عالمی سطح پر شہرت حاصل ہوئی۔ یہ ان کا پہلا ناول تھا جس کا انگریزی میں ترجمہ کیا گیا۔

بعدازاں 2010 میں ان کا ناول ’دی ونڈ بلوز‘، 2023 میں ’گریک لیسن‘، 2014 میں ’ہیومن ایکٹ ‘، 2017 میں ’دی وائٹ بک‘ اور 2021 میں ’وی ڈونٹ پارٹ‘ شائع ہوا۔

نوبیل کمیٹی کے مطابق ہن کانگ کو نثر اور شاعری میں منفرد انداز تحریر پر انعام کیلئے منتخب کیا گیا، انہیں دسمبر میں نوبیل ایوارڈ اور 12 لاکھ امریکی ڈالر انعامی رقم دی جائے گی۔

دوسری جانب کیمسٹری کے شعبے میں 2024 کا نوبیل انعام 3 سائنسدانوں کو مشترکہ طور پر دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

امریکا کی واشنگٹن یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے ڈیوڈ بیکر، جبکہ گوگل ڈیپ مائنڈ کے برطانیہ سے تعلق رکھنے والے سائنسدانوں Demis Hassabis اور جان ایم جمپر کو یہ اعزاز زندگی کی بنیاد سمجھے جانے والے پروٹینز کے سٹرکچر پر کیے جانے والے کام پر دیا گیا۔

ان سائنسدانوں نے پروٹینز کے راز کمپیوٹنگ اور آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کے ذریعے دریافت کیے۔

انعام حاصل کرنے والوں کو 10 دسمبر کو الفریڈ نوبیل کی برسی کے موقع پر منعقد ہونے والی تقریب میں انعام وصول کرنے کے لیے مدعو کیا جائے گا۔

نوبیل انعام کن لوگوں کو دیا جاتا ہے ؟

نوبیل اس انعامات کے سلسلے کا نام ہے جس میں کمسٹری، فزکس، طب، ادب اور امن جیسے شعبوں میں ایوارڈز دیے جاتے ہیں۔

امن کا نوبیل انعام (نوبیل پیس پرائز) اس شخص کو دیا جاتا ہے جس نے ’ملکوں کے درمیان رفاقت بڑھانے، مستقل فوجیں ختم یا کم کرنے، اور امن کے قیام اور فروغ کے لیے سب سے زیادہ یا بہترین کام کیا ہو۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ سویڈن کی کاروباری شخصیت الفریڈ نوبیل کا بیان ہے جنھوں نے ڈائنامائٹ (بارود) ایجاد کیا، انھوں نے اپنے تقریباً تمام اثاثے یہ انعامات دینے کے لیے ایک فنڈ میں جمع کرا دیے۔ سال 1901 میں پہلی مرتبہ نوبیل انعامات تقسیم کیے گئے تھے۔

سنہ 1968 میں سویڈن کے مرکزی بینک نے اس میں اکنامک سائنسز کے انعام کو شامل کیا۔

تنظیم کی ویب سائٹ (Nobelpeace.org) کے مطابق 1901 سے 2021 تک الفریڈ نوبیل کی یاد میں 943 افراد اور 25 اداروں کو نوبیل انعامات سے نوازا جا چکا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں