مشہور بھارتی سیاستدان بابا صدیقی قاتلانہ حملے میں جاں بحق
ممبئی: (ویب ڈیسک) مشہور بھارتی سیاستدان اور مہاراشٹر کے سابق وزیر بابا صدیقی ممبئی میں قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہوگئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مہاراشٹر کے سابق وزیر اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی ( این سی پی ) کے رہنما بابا صدیقی کو تین موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں کی جانب سے نشانہ بنایا گیا۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ بابا صدیقی کو قاتلانہ حملے کے بعد زخمی حالت میں لیلاوتی ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے اور ڈاکٹروں کی جانب سے ان کی موت کی تصدیق کر دی گئی۔
باندرہ ویسٹ سے تین بار ایم ایل اے منتخب ہونے والے بابا صدیقی نے کانگریس چھوڑنے کے بعد رواں سال کے شروع میں اجیت پوار کی پارٹی این سی پی میں شمولیت اختیار کی تھی۔
واضح رہے کہ بابا صدیقی بالی ووڈ سٹارز میں کافی مقبول تھے اور وہ ہر سال رمضان المبارک میں افطار پارٹی پر ستاروں کو مدعو کرتے تھے جبکہ سلمان خان کے ساتھ ان کی گہری دوستی تھی اور انہوں نے شاہ رخ اور سلمان کے درمیان تعلقات بحالی میں اہم کردار کیا۔
خبر رساں ادارے نے ذرائع کے حوالے سے مزید کہا کہ بابا صدیقی ایس آر اے کے ایک پراجیکٹ کے تنازع میں ملوث تھے اور اس حوالے سے پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔