بین الاقوامی خلائی سٹیشن پر 233 روز قیام کرنے والے 4 خلا باز زمین پر پہنچ گئے

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) بین الاقوامی خلائی سٹیشن پر 233 روز قیام کرنے والے 4 خلا باز زمین پر پہنچ گئے۔

خلائی تحقیق کے امریکی ادارے ناسا کا سپیس ایکس کریو۔8 مشن بین الاقوامی خلائی سٹیشن سے چار خلابازوں کو لے کر زمین پر پہنچا۔

اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق انڈیور نامی جہاز کے ذریعے زمین پر واپس آنے والے خلا بازو ں میں ناسا کے خلاباز میتھیو ڈومینک، مائیکل بیراٹ، جینیٹ ایپس اور روسی خلاباز الیگزینڈر گریبینکن شامل تھے۔

بین الاقوامی خلائی سٹیشن پر اپنے 233 روزہ قیام کے دوران خلابازوں نے انسانی صحت، میٹریل سائنس اور زراعت سمیت مختلف شعبوں میں 200 سے زیادہ تجربات کئے جن کا مقصد مستقبل کے طویل دورانیے کے خلائی مشنوں کے لئے ضروری علم کو آگے بڑھانا اور زمین پر زندگی کو فائدہ پہنچانا ہے۔

خلا بازوں نے خاص طور پر دماغی آرگنائڈز اور پودوں کی نشوونما پر مائیکرو گریویٹی کے اثرات کا مطالعہ کیا، جس سے اس بات کی بہتر تفہیم میں مدد ملی کہ جاندار خلائی حالات کے مطابق کیسے ڈھلتے ہیں۔

واضح رہے کہ سمندری طوفان ملٹن اور علاقے میں دیگر طوفانوں کی وجہ سے خراب موسمی حالات کی وجہ سے مشن کی واپسی میں تاخیر ہوئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں