ایران پر اسرائیلی حملے کی معلومات لیک کرنیوالا سی آئی اے اہلکار کمبوڈیا سے گرفتار
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) ایران پر اسرائیلی حملےکے منصوبےکی دستاویزات لیک کرنے پر امریکی سی آئی اے کے اہلکار کو کمبوڈیا سے گرفتار کرلیا گیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق سی آئی اے اہلکار آصف رحمان نے گزشتہ ماہ ایران پر اسرائیل کے جوابی حملے کے ممکنہ منصوبےکی دستاویزات لیک کی تھیں، دستاویزات میں ایرانی میزائل حملوں پر جوابی کارروائی کے لیے اسرائیل کے واضح ارادے کی تفصیل تھی۔
امریکی میڈیا کے مطابق آصف رحمان سی آئی اے کے غیر ملکی آپریشنز کے لیےکام کرتا تھا اور اسے اعلیٰ خفیہ سکیورٹی کلیئرنس حاصل تھی۔
امریکی خبر ایجنسی کا کہنا ہےکہ آصف رحمان پر جان بوجھ کر قومی دفاعی معلومات پھیلانے کے 2 الزامات ہیں، آصف رحمان کو مغربی بحرالکاہل میں واقع امریکی جزیرے گوام کی وفاقی عدالت میں الزامات کا سامنا کرنا ہوگا۔
یاد رہے کہ ایران نے حماس اور حزب اللہ کے رہنماؤں کی شہادت کے جواب میں یکم اکتوبر کو اسرائیل پر بڑے پیمانے پر میزائل اور ڈرون سے حملہ کیا تھا، اس حملے کے بعد مذکورہ دستاویزات لیک ہوئی تھیں۔