غزہ میں 50 ہزار سے زائد بچوں کے فوری علاج میں مدد کی جائے: اقوام متحدہ کی اپیل
غزہ: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ نے اپیل کی ہے کہ غزہ میں 50 ہزار سے زائد بچوں کے فوری علاج میں مدد کی جائے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر برائے انسانی امور ’اوچا‘ نے اعلان کیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں 50,000 سے زیادہ بچوں کو دائمی غذائی قلت کی وجہ سے علاج کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پانچ سال سے کم عمر کے مزید 346,000 بچوں کے ساتھ ساتھ 160,000 حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین کو خوراک اور غذائی سپلیمنٹس کی فوری ضرورت ہے۔
گزشتہ اگست میں اقوام متحدہ نے تصدیق کی تھی کہ غزہ میں ہزاروں بچے شدید غذائی قلت کا شکار ہیں، تقریباً 240,000 بچوں کا معائنہ کرنے کے بعد 15,000 بچے غذائی قلت کا شکار پائے گئے جن میں 3,288 بچے شدید غذائی قلت کا شکار ہیں۔