چین نے یوکرین بحران کا واحد حل مذاکرات قرار دے دیا
بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین نے یوکرین بحران کا واحد حل مذاکرات قرار دے دیا۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان گوؤ جیاکن نے میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ یوکرین بحران کے حوالے سے چین کا مؤقف واضح اور مستقل رہا ہے، ان کا کہنا تھا کہ چین ہمیشہ سیاسی حل اور بات چیت کے ذریعے تنازعات کے خاتمے کی حمایت کرتا آیا ہے۔
چینی ترجمان نے روس، امریکہ اور یوکرین کے حکام پر مشتمل سکیورٹی امور سے متعلق سہ فریقی ورکنگ گروپ کے پہلے اجلاس سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ چین ایسے تمام اقدامات کا خیرمقدم کرتا ہے جو کشیدگی میں کمی اور بحران کے پرامن حل کی جانب پیش رفت کا باعث بنیں۔
ان کا کہنا تھا کہ چین نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بات چیت اور سفارتی ذرائع کے ذریعے یوکرین بحران کے خاتمے کے لیے تعمیری کردار ادا کرے۔