پاکستان کرسچن الائنس یو اے ای کے وفد کی قونصل جنرل پاکستان سے ملاقات

دبئی: (سید مدثر خوشنود) پاکستان کرسچن الائنس یو اے ای کے ارکان نے صدر الائنس جان قادر کی قیادت میں قونصلیٹ جنرل آف پاکستان دبئی کے قونصل جنرل حسین محمد سے ملاقات کی۔

ملاقات میں قونصلر عمران شاہد، جنید مرتضیٰ، فواد احمد خان اور محمد صالح بھی موجود تھے، وفد میں صدر جان قادر کے علاوہ سینئر نائب صدر شاہد پرویز، نائب صدر ذیشان سلطان، انفارمیشن سیکرٹری عظیم یونس اور دیگر نمائندگان شامل تھے۔

ملاقات میں پاکستان کرسچن الائنس یو اے ای کی تشکیل، مقاصد اور بنیادی ایجنڈا پر بریفنگ دی گئی جبکہ بین المذاہب ہم آہنگی، کمیونٹی شمولیت اور متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے امور پر بھی گفتگو کی گئی، الائنس کے نمائندوں نے مختلف کمیونٹیز کے لیے قونصلر خدمات تک مساوی رسائی کے لیے قونصلیٹ کی کوششوں کو سراہا۔

قونصل جنرل حسین محمد نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک مقیم تمام پاکستانی اپنے وطن کے سفیر ہیں اور کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل اور قومی تقریبات کے انعقاد میں مشترکہ تعاون ضروری ہے۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقوں نے امارات میں مقیم پاکستانی مسیحی برادری سمیت تمام کمیونٹیز کے ساتھ رابطوں اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا، جو بیرون ملک پاکستانیوں کے درمیان اتحاد اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کی کوششوں کا تسلسل ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں