شاہ چارلس بھائی اینڈریو کی خفیہ ڈیلز سے 2019 میں ہی آگاہ ہو گئے: ایپسٹین فائلز
لندن: (دنیا نیوز) بدنام زمانہ امریکی شہری جیفری ایپسٹین سے متعلق دستاویزات میں انکشاف ہوا ہے کہ برطانیہ کے بادشاہ چارلس کو انکے بھائی اینڈریو کی خفیہ ڈیلز کے بارے میں 2019 ہی میں خبردار کردیا گیا تھا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق کم سن بچوں سے جنسی درندگی میں ملوث جیفری ایپسٹین کے بارے میں جاری دستاویزات کے مطابق شاہ چارلس کو یہ بھی بتا دیا گیا تھا کہ اینڈریو شاہی خاندان کے نام کا غلط استعمال کررہے ہیں۔
دستاویزات کے مطابق شاہی محل کو خفیہ طور پر آگاہ کیا گیا تھا کہ سابق ڈیوک اینڈریو نے متنازعہ ارب پتی ڈیوڈ رولینڈ کے ساتھ پوشیدہ طور پر مالیاتی تعلق قائم کیا ہوا ہے۔
خیال رہے کہ برطانوی پولیس نے جیفری ایپسٹین سے تعلق کے الزام میں چند روز قبل شاہ چارلس کے بھائی اینڈریو کو گرفتار کیا تھا تاہم بعد ازاں انہیں رہا کر دیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ ایپسٹین فائلز ابھی آدھی جاری کی گئی ہیں، ٹرمپ کی حمایتی امریکی اٹارنی جنرل پامیلا بونڈائی نے پارلیمان کی واضح ہدایات کے باوجود فائلز کے اجرا میں تاخیری حربے استعمال کیے، اور یہ بھی کہا کہ ایبسٹین فائلز میں جن لوگوں کا نام ہے، ان سے تفتیش کی گئی تو سارا سسٹم بیٹھ جائے گا۔
ایسپٹین فائلز میں کمسن بچوں اور بچیوں کے ساتھ مال دار اور صاحب اقتدار لوگوں کی جنسی درندگی کی وہ داستانیں بیان ہوئی ہیں جنہیں سننا بھی عام انسان کے ہوش گنوا سکتا ہے، مغرب کی جنس میں لتھڑی کالک ایسپٹین فائلز میں نمایاں ہو گئی ہے جسے امریکی اٹارنی جنرل چھپانے کی کوشش کی کرتی پائی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ مغربی طبقہ اشرافیہ کی درندگی کے تصویری اور ویڈیو شواہد ملنے کے باوجود اب تک کوئی واضح قابل گرفت کارروائی نہیں ہوئی۔