میکسیکو کا بدنام زمانہ منشیات فروش ایل مینچو فوجی کارروائی میں مارا گیا

میکسیکو: (دنیا نیوز) میکسیکو کا بدنام زمانہ منشیات فروش ایل مینچو فوجی کارروائی میں مارا گیا۔

حکام کے مطابق مغربی ریاست جالسکو میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران شدید زخمی ہوا اور میکسیکو سٹی منتقل کئے جانے کے دوران ہلاک ہوگیا، وزارت دفاع نے بتایا امریکی حکام نے آپریشن میں معلومات فراہم کیں۔

وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ ایل مینچو طاقتور جرائم پیشہ تنظیم سی جے این جی کا سربراہ تھا، یہ کارروائی ایسے وقت میں کی گئی جب امریکی انتظامیہ کی جانب سے میکسیکو پر منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کے لیے دباؤ بڑھایا جا رہا تھا۔

امریکی نائب وزیر خارجہ نے اس ہلاکت کو امریکا، میکسیکو اور لاطینی امریکہ کے لئے اہم پیش رفت قرار دیا ہے، آپریشن کے بعد ملک کے مختلف حصوں میں پرتشدد واقعات پھوٹ پڑے، جلتی ہوئی گاڑیوں اور مسلح افراد کی جانب سے شاہراہوں کی بندش کی اطلاعات موصول ہوئیں۔

ریاست جالسکو کے گورنر نے شہریوں سے گھروں میں رہنے کی اپیل کی جبکہ امریکی سفارتخانے نے بھی اپنے شہریوں کو محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

مبصرین کے مطابق اس کارروائی کے بعد ملک میں تشدد کی نئی لہر کا خدشہ ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں