امریکی صدر کا امارات کے ہم منصب سے رابطہ، ایران کے حملوں بارے تبادلہ خیال

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے امارات اور خطے کے دیگر ممالک پر حملوں پر تبادلہ خیال کیا، دونوں رہنماؤں نے خطے کی موجودہ سکیورٹی صورتحال پر مشاورت کی۔

صدر ٹرمپ اور صدر شیخ محمد بن زاید نے بات چیت میں علاقائی و عالمی امن پر پیش رفت اور اثرات کا جائزہ لیا۔

واضح رہے کہ یو اے ای نے ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات معطل کر دیئے ہیں، اماراتی حکام کے مطابق یو اے ای نے ایران میں اپنا سفارتخانہ بند کرنے کا اعلان کردیا، یو اے ای نے تہران سے اپنے سفیر کو بھی واپس بلالیا، یہ اقدام ایران کے یو اے ای پر حملوں کی وجہ سے کیا گیا۔

یاد رہے کہ ایران نے خلیجی ممالک میں موجود 14 امریکی فوجی اڈّوں کو نشانہ بنایا تھا جس میں سیکڑوں اہلکاروں کی ہلاکت کا بھی دعویٰ کیا گیا تھا، عالمی خبر رساں ادارے نے بتایا تھا ایران نے جن 14 امریکی فوجی اڈّوں کو نشانہ بنایا وہ متحدہ عرب امارات، کویت، بحرین، قطر اور سعودی عرب میں واقع ہیں۔

ان ممالک نے ناصرف ایرانی حملوں کی شدید مذمت کی تھی بلکہ اپنی سلامتی اور خود مختاری کے تحفظ کے لئے کسی بھی حد تک جانے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔

متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں ایران کے داغے گئے میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کردیا گیا تھا تاہم میزائلوں کے ملبے گرنے سے ایک پاکستانی شخص جاں بحق ہوگیا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں