عباس عراقچی نے ایران، امریکا جنگ پر یورپ کا مؤقف قابلِ افسوس قرار دے دیا
تہران: (دنیا نیوز) ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران، امریکا جنگ پر یورپ نے جو مؤقف اپنایا وہ قابلِ افسوس ہے۔
ایک بیان میں ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ یورپی ممالک نے ایران کے خلاف جنگ کی حمایت کر کے یہ سمجھا تھا کہ انہیں یوکرین کے معاملے پر زیادہ حمایت ملے گی، لیکن اس کے برعکس اس تنازع کے نتیجے میں روسی تیل کی درآمدات پر عائد پابندیوں میں نرمی ہو گئی۔
انہوں نے کہا کہ سپین اور چند دیگر ممالک کے علاوہ زیادہ تر یورپی ممالک اور یورپی یونین نے ایران پر امریکا اور اسرائیل کے حملے کے بعد ایرانی حکومت کو ہی تنقید کا نشانہ بنایا، حالانکہ قانونی ماہرین کے مطابق یہ حملہ غیر قانونی تھا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پیغام میں عباس عراقچی نے لکھا کہ یورپ کو یہ امید تھی کہ ایران کے خلاف غیر قانونی جنگ کی حمایت کر کے وہ روس کے خلاف امریکا کی حمایت حاصل کر لے گا۔