ایران کا امریکی تجارتی جہاز ایم ایس سریسکا وی کو کروز میزائل سے نشانہ بنانے کا دعویٰ
تہران: (دنیا نیوز) ایرانی پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ اس نے پاناما کے پرچم تلے چلنے والے اور امریکی ملکیت کے حامل کنٹینر بردار تجارتی جہاز ایم ایس سی سریسکا وی کو کروز میزائل سے نشانہ بنایا ہے۔
ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کی یہ کارروائی عمان کے قریب ایرانی جہاز پر ہونے والے حملے کے ردعمل میں کی گئی، اس سے قبل اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ خلیجی پانیوں میں سفر کرنے والے مال بردار جہاز کو نامعلوم میزائل یا گولہ نما شے نے نشانہ بنایا۔
برطانوی بحری تجارتی آپریشنز کے ادارے کے مطابق یہ واقعہ ام القصر سے چالیس بحری میل جنوب مشرق میں پیش آیا، تاہم برطانوی بحری تجارتی آپریشنز کے ادارے نے تاحال اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ متاثر ہونے والا جہاز کون سا تھا۔
اس واقعہ کے بعد خطے میں بحری سلامتی اور بڑھتی ہوئی کشیدگی کے حوالے سے خدشات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے جبکہ متعلقہ فریقین کی جانب سے مزید تفصیلات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔