فلسطینیوں پر مظالم: نیوزی لینڈ نے 3 انتہا پسند اسرائیلی آبادکاروں پر سفری پابندیاں لگا دیں

آکلینڈ: (دنیا نیوز) نیوزی لینڈ نے تین انتہا پسند اسرائیلی آبادکاروں پر سفری پابندیاں عائد کر دیں۔

کیوی وزیر خارجہ ونسٹن پیٹرز نے تینوں آبادکاروں کو انتہا پسند قرار دیا ہے، وزیر خارجہ کے مطابق ایتمار یہودا لیوی، ہاریل ڈیوڈ لیبی اور ایلیاو لیبی اب نیوزی لینڈ کا سفر نہیں کر سکیں گے۔

ونسٹن پیٹرز نے کہاکہ ان افراد نے مقبوضہ مغربی کنارے میں غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کے پھیلاؤ میں فعال کردار ادا کیا جس میں تشدد کا استعمال بھی شامل تھا۔

پابندی کے اعلان کے موقع پر ونسٹن پیٹرز نے کہا ان افراد کی سرگرمیاں اسرائیلیوں اور فلسطینیوں دونوں کے لئے امن اور سلامتی کو خطرے میں ڈال رہی ہیں اور خطے کو مزید بحران کی طرف دھکیل رہی ہیں۔

نیوزی لینڈ فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے درمیان دو ریاستی حل کی حمایت کرتا ہے اور اس کا مؤقف ہے کہ بستیوں کی توسیع اور آبادکاروں کا تشدد خطے میں پائیدار امن کے قیام کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں