قطر کی لبنانی فوج کے دستے پر اسرائیلی فورسز کے حملے کی مذمت

دوحہ: (دنیا نیوز) قطر نے لبنانی فوج کے دستے پر اسرائیلی فوج کے حملے کی مذمت کی ہے، جس میں 2 افسران اور ایک فوجی جاں بحق ہو گئے تھے۔

قطر کی وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں صیہونی فورسز کے حملے کو خطرناک اور لبنان کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔

وزارت نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیلی حکام کو لبنان پر بار بار ہونے والے حملے روکنے، بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کا احترام کرنے، اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 1701 پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانے کیلئے مؤثر اقدامات کرے۔

بیان میں کہا گیا کہ لبنان کے خلاف جاری کارروائیاں خطے کے امن و استحکام کیلئے خطرہ ہیں اور ان کا فوری سدباب ضروری ہے۔

قطری وزارت خارجہ نے لبنان کی قومی وحدت، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کیلئے اپنی مکمل حمایت کا اعادہ بھی کیا، اور کہا کہ قطر لبنان میں استحکام، امن اور خوشحالی کے فروغ کیلئے کی جانے والی تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں