روس اور بحرین کے وزرائے خارجہ کا ٹیلیفونک رابطہ، خلیجی صورتحال پر تبادلہ خیال
ماسکو (شاہد گھمن) روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف اور بحرین کے وزیر خارجہ عبداللطیف الزیانی کے درمیان بحرینی حکومت کی درخواست پر ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں خلیج فارس کی تازہ صورتحال اور خطے کی سلامتی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
روسی وزارت خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے تمام متعلقہ فریق 17 جون کو امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والی جنگ بندی سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر مکمل اور سختی سے عمل کریں۔
گفتگو کے دوران اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ مشرق وسطیٰ سے متعلق اہم امور پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں دونوں ممالک کے درمیان قریبی رابطہ اور تعاون جاری رکھا جائے گا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے روس اور بحرین کے درمیان تجارتی، اقتصادی، ثقافتی اور انسانی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔