ایران کا اقوامِ متحدہ سے امریکی حملے فوری روکنے کا مطالبہ
تہران: (ویب ڈیسک) ایران نے اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل سے امریکا کے حملے فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اقوامِ متحدہ میں ایرانی مندوب امیر سعید ایروانی نے اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس اور سلامتی کونسل کے صدر کو لکھے گئے خط میں ہرمزگان کے جنوبی صوبے میں پلوں، ریلوے سٹیشنوں اور رہائشی علاقوں پر ہونے والے مبینہ امریکی حملوں کی تفصیلات بیان کی ہیں۔
ایرانی خبر رساں ادارے مہر نیوز کے مطابق سعید ایروانی نے کہا کہ یہ حملے اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 2(4) کی کھلی خلاف ورزی اور طاقت کے استعمال یا دھمکی دینے کی ممانعت کی خلاف ورزی ہیں۔

ایرانی سفیر کے مطابق جمعرات کی رات اور جمعہ کی صبح ہونے والے حملوں میں بندر عباس اور کہورستان بندر خمیر کے راستوں پر کئی اہم پل تباہ ہوئے، ایک پل کو نشانہ بنائے جانے کے بعد ایک عام شہری کی گاڑی تباہ ہوئی، جس کے نتیجے میں سات افراد ہلاک اور نو زخمی ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ بندر عباس کے ایک رہائشی علاقے پر حملے میں ایک شہری ہلاک اور آٹھ دیگر زخمی ہوئے۔
ایروانی نے بتایا کہ بندر عباس ریلوے سٹیشن، جو بین الاقوامی شمال جنوب ٹرانسپورٹ کوریڈور کا اہم حصہ ہے، کو بھی براہِ راست فوجی حملے میں نشانہ بنایا گیا، جس سے ٹرمینل کو نقصان پہنچا اور ریلوے کے دو ملازمین زخمی ہوئے، اس روٹ پر مسافر ٹرین سروس معطل کر دی گئی ہے۔
مہر نیوز کے مطابق خط میں کہا گیا ہے کہ تصدیق شدہ 43 ہلاکتوں میں تین خواتین اور ایک بچہ شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 22 خواتین اور نو کم عمر بچے شامل ہیں۔
ایران کی وزارتِ صحت کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے ایروانی نے کہا کہ جولائی کے آغاز سے زخمی ہونے والوں کی تعداد 400 سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ 47 افراد تشویشناک حالت میں ہسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔
سعید ایروانی نے کہا کہ شہری املاک، خاص طور پر اہم ٹرانسپورٹ اور ریلوے نیٹ ورک کو بار بار نشانہ بنانا جنگی جرائم کے زمرے میں آتا ہے، امریکا جانی نقصان، زخمیوں، بنیادی ڈھانچے کی تباہی، ماحولیاتی نقصانات اور دیگر نتائج کا مکمل طور پر ذمہ دار ہے۔

ایروانی نے سلامتی کونسل پر زور دیا کہ وہ اپنے چارٹر کے تحت اپنی بنیادی ذمہ داری ادا کرے اور امریکہ کی مبینہ خلاف ورزیوں کے لیے جواب دہی یقینی بنائے۔
ایرانی سفیر نے مزید کہا کہ اگر اقوامِ متحدہ کارروائی کرنے میں ناکام رہتی ہے تو ایران بین الاقوامی قانون کے تحت اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت، عوام اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments