دوسرا ٹی 20: پاکستان انڈر 19 ویمنز نے جنوبی افریقا کو 47 رنز سے ہرا دیا
کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان نے دوسرے انڈر 19 ویمنز ٹی 20 میچ میں جنوبی افریقا کو 47 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں پر مشتمل سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔
نیشنل بینک سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، تاہم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 125 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے اوپنر راویل خان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 64 گیندوں پر 9 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے ناقابلِ شکست 68 رنز بنائے اور پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔
کومل خان نے 23 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 3 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، جبکہ زو افشاں نے 12، رحیماں سید نے 8 رنز بنائے۔ کپتان فضا فیاض 7 رنز بنا کر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئیں، جبکہ شیر بانو ایک رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں۔
جنوبی افریقا کی جانب سے ایشلیگ، ڈیڈری وان ریسنبرگ اور میاں لالور نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
126 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کی پوری ٹیم 17.1 اوورز میں 78 رنز پر ڈھیر ہوگئی، صرف تین بیٹرز ہی دوہرا ہندسہ عبور کر سکیں۔ ڈیڈری وان رینسبرگ 20 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں، جبکہ کپتان مکی وان وورسٹ نے 16 اور ایشلیگ نے 13 رنز بنائے۔
جنوبی افریقا کی تین کھلاڑیاں بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئیں، جبکہ آخری بیٹر فلینڈر بیٹنگ کے لیے میدان میں نہ آ سکیں۔
پاکستان کی جانب سے ماہ نور زیب نے 21 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ماہ نور نے 19 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، اپنا دوسرا میچ کھیلنے والی ماہم نزاکت نے 8 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شہر بانو نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔
یاد رہے کہ جنوبی افریقا نے سیریز کا پہلا میچ 4 وکٹوں سے جیتا تھا، پانچ میچوں کی سیریز کا تیسرا میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments