ایران نے حملہ کیا تو اسرائیل بھرپور طاقت سے جواب دے گا: اسرائیل کاٹز
تل ابیب: (دنیا نیوز) اسرائیل کے وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران نے اسرائیل پر حملہ کیا تو اسرائیل بھرپور طاقت کے ساتھ جوابی کارروائی کرے گا۔
اسرائیلی وزیر دفاع کے مطابق اسرائیلی فوج یہودیوں کے اہم مذہبی تہواروں کے دوران ایران کی جانب سے ممکنہ حملے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، یہ مذہبی تہوار ستمبر کے وسط میں شروع ہونے والے ہیں۔
اسرائیل کاٹز نے کہا کہ ایران اس وقت خطے میں مختلف مقامات کو نشانہ بنا رہا ہے، تاہم اسرائیل کو بھی ممکنہ ایرانی حملے کا خدشہ ہے اور فوج دفاعی و جارحانہ کارروائی کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایران کی جانب سے اسرائیل پر حملے کی صورت میں اسرائیل کسی دوسرے ملک کی مدد یا اجازت کا انتظار نہیں کرے گا بلکہ خود کارروائی کرے گا، جبکہ اسرائیلی جنگی طیارے حملے کے لیے تیار ہیں۔
اسرائیلی وزیر دفاع کے بیان سے ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی میں مزید اضافے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments