سندھ ہائیکورٹ کا کراچی کاٹن ایکسچینج کی عمارت ڈی سیل کرنے کا حکم
کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے کراچی کاٹن ایکسچینج کی عمارت ڈی سیل کرنے اور درخواست گزاروں کو قبضہ دینے کا حکم دے دیا۔
عدالت میں عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے پر متروکہ وقف املاک بورڈ کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی، جس کے بعد عدالت نے تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔
تحریری حکم نامے کے مطابق فریقین نے عدالتی حکم پر عملدرآمد کرنے کے بجائے عمارت کی ملکیت کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ متروکہ وقف املاک نے عدالتی احکامات پر عمل کے بجائے عمارت کو اپنی ملکیت قرار دیا، جو بظاہر توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔
عدالت کے مطابق ایڈمنسٹریٹر متروکہ وقف املاک آصف خان نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالتی احکامات کی روشنی میں ملکیت کا فیصلہ کیا گیا، اس لیے توہین عدالت کا کیس نہیں بنتا۔
عدالت نے ایڈمنسٹریٹر متروکہ وقف املاک کو فوری طور پر کراچی کاٹن ایکسچینج کی عمارت ڈی سیل کرنے اور درخواست گزاروں کو قبضہ دینے کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت تک عملدرآمد رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کردی، کیس کی مزید سماعت 10 ستمبر تک ملتوی کردی گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments