وزیر خزانہ سے نائب صدر اے ڈی بی کی ملاقات، چھوٹے کاروباری اداروں بارے گفتگو

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے نائب صدر ینگ منگ یانگ نے ملاقات کی، ملاقات میں اصلاحات، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے لیے رسائیِ مالیات اور برآمدات پر مبنی ترقی کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اے ڈی بی نائب صدر نے پاکستان کی معاشی استحکام، خودمختار کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری اور اصلاحاتی عمل میں پیش رفت کی تعریف کی۔ اے ڈی بی کی جانب سے پاکستان کے مالیاتی نظم و نسق اور مجموعی معاشی استحکام میں بہتری کو بھی سراہا گیا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کے لیے اے ڈی بی کی مسلسل معاونت قابلِ تحسین ہے، مستحکم معاشی ترقی کے لیے ملکی وسائل کو متحرک کرنے، پبلک فنانس، توانائی، انشورنس اور پنشن سمیت اہم شعبوں میں اصلاحات کو ادارہ جاتی شکل دینا ضروری ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کی اب ترجیح معاشی استحکام سے پائیدار اور جامع اقتصادی ترقی کی جانب منتقلی ہے، سرمایہ کاری، برآمدات، روزگار اور نجی شعبے کی شمولیت پائیدار اقتصادی ترقی کے اہم ستون ہیں۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ اے ڈی بی کی خودمختار فنانسنگ سے آگے نجی شعبے اور سرکاری و نجی شراکت داری میں بڑھتی ہوئی شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہیں، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے لیے رسائیِ مالیات پاکستان کی معاشی اور برآمدی حکمت عملی کا اہم جزو ہے۔

انہوں نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی مالیاتی سہولیات تک رسائی بڑھانے اور روزگار، سرمایہ کاری اور برآمدات میں ان کے کردار کو مضبوط بنانے پر توجہ ہے، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو عالمی منڈیوں سے منسلک کرنے اور ان کی مسابقتی صلاحیت بڑھانے کی ضرورت ہے۔

ملاقات میں انشورنس کے شعبے میں اصلاحات کے پروگرام، سرکاری و نجی شراکت داری اور منصوبوں کی تیاری و عملدرآمد کی استعداد بہتر بنانے کا جائزہ لیا گیا۔

انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ، صاف توانائی، آبی وسائل اور موسمیاتی لچک کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ ملکی اور نجی سرمائے کو متحرک کرنے کے لیے جدید مالیاتی طریقہ کار، مشترکہ مالی معاونت اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی زیادہ شمولیت ضروری ہے۔

اے ڈی بی کے نائب صدر ینگ منگ یانگ نے کہا کہ اے ڈی بی پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات اور اصلاحاتی ایجنڈے کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔

اے ڈی بی کی جانب سے نجی شعبے کی ترقی، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی ترقی اور ان کے لیے مالی معاونت سمیت دیگر ترجیحی شعبوں میں مزید تعاون کی آمادگی کا اظہار کیا گیا۔

ینگ منگ یانگ نے کہا کہ پائیدار ترقی کی جانب منتقلی کے دوران مالیاتی نظم و ضبط برقرار رکھنا ضروری ہے۔

ملاقات میں پنشن اصلاحات، ادارہ جاتی استعداد اور پالیسی پر مبنی جاری و مجوزہ آپریشنز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خزانہ نے اے ڈی بی کی ملکی شراکت داری حکمتِ عملی کے تحت مسلسل تعاون کا خیرمقدم کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترجیحات میں نجی شعبے کی قیادت میں ترقی، برآمدی مسابقت، رسائیِ مالیات، انفراسٹرکچر، موسمیاتی لچک اور سماجی تحفظ شامل ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...