اقوام متحدہ اور سعودیہ میں شامی خاندانوں کی مدد کیلئے معاہدہ، ایگزیکٹو پروگرام پر دستخط

نیویارک: (ویب ڈیسک) سعودی عرب نے اقوام متحدہ کے ساتھ ایک مشترکہ ایگزیکٹو پروگرام پر دستخط کئے ہیں جس کا مقصد آئندہ موسم سرما کے دوران اپنے ملک واپس آنے والے شامی خاندانوں کی مدد کرنا ہے۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے ایوان شاہی کے مشیر اور کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کے سپروائزر جنرل ڈاکٹر عبدللہ الربیعہ سے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے پناہ گزین برہم صالح نے نیویارک میں ملاقات کی جس دوران جاری تعاون کو بڑھانے، پناہ گزینوں اور بے گھر افراد کی مدد اور دنیا بھر میں ان کے مصائب کو کم کرنے کے حوالے سے انسانی اور امدادی کوششوں کو ہم آہنگ کرنے کے طریقوں بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈاکٹر عبدللہ الربیعہ نے یواین ہائی کمشنر کے ساتھ ایک مشترکہ ایگزیکٹیو پروگرام پر دستخط کئے جس کا مقصد آئندہ موسم سرما کے دوران اپنے ملک واپس آنے والے شامی خاندانوں کی مدد کرنا ہے۔

پروگرام کے تحت 987 تباہ شدہ گھروں کو بحال کیا جائے گا تاکہ انہیں محفوظ اور رہائش کے قابل بنایا جا سکے، متاثرہ خاندانوں کو شدید سردی سے بچانے کے لئے 10 ہزار 768 ونٹر کٹس تقسیم کی جائیں گی جن میں کمبل، ترپال، موسم سرما کے ملبوسات اور جیکٹس شامل ہیں۔

ان اقدامات سے حلب، ریف، دمشق، دیر الزور، ادلب اور حمص گورنریٹ میں 58 ہزار 625 افراد کو فائدہ پہنچے گا، ان میں ضرورت مند افراد، خاندانوں کی خواتین سربراہ، بیوہ خواتین، بچے اور معمر افراد شامل ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...