سینیگال کے ساحل کے قریب تارکین وطن کی کشتی ڈوب گئی، 21 افراد ہلاک
ڈاکار: (دنیا نیوز) مغربی افریقی ملک سینیگال کے ساحل کے قریب غیر قانونی طور پر یورپ جانے کی کوشش کرنے والے تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے کم از کم 21 افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ ایک شخص کو زندہ بچا لیا گیا۔ حادثے کے بعد لاپتا افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سینیگال کی وزارت داخلہ نے اتوار کو جاری بیان میں بتایا کہ کشتی کو حادثہ دارالحکومت ڈاکار سے تقریباً 180 کلومیٹر شمال میں ساحل کے قریب پیش آیا۔
دوسری جانب وزارت داخلہ نے بتایا کہ امدادی ٹیموں نے ہفتے کی شام تک سمندر سے 21 افراد کی لاشیں نکال لی تھیں، جبکہ ایک شخص کو بحفاظت بچانے میں کامیابی حاصل ہوئی۔
حکام کا کہنا تھا کہ کشتی میں سوار افراد غیر قانونی طور پر دوسرے ممالک جانے کی کوشش کررہے تھے، تاہم کشتی میں موجود افراد کی مجموعی تعداد تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔
حادثے کے بعد سمندر میں تلاش اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں تاکہ مزید ممکنہ زندہ بچ جانے والوں کا سراغ لگایا جاسکے۔
واضح رہے کہ مغربی افریقہ سے اسپین کے کینری جزائر پہنچنے کے لیے ہر سال بڑی تعداد میں تارکین وطن خطرناک سمندری راستہ اختیار کرتے ہیں،اس سفر کے دوران کشتیوں کے ڈوبنے کے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں، جن میں ہزاروں افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments