دبئی میں ورلڈ آرٹ 2026ء کا آغاز 19 نومبر سے، 65 ممالک کے فنکار شریک ہوں گے

دبئی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں بین الاقوامی آرٹ میلے ورلڈ آرٹ دبئی 2026ء کے بارہویں ایڈیشن کا آغاز 19 نومبر سے ہوگا، جو 22 نومبر تک جاری رہے گا۔

دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے زعبیل ہالز 2 اور 3 میں منعقد ہونے والی چار روزہ عالمی نمائش میں 65 سے زائد ممالک کے فنکاروں اور آرٹ گیلریز کی شرکت متوقع ہے، جبکہ تقریباً 10 ہزار فن پارے نمائش کیلئے پیش کیے جائیں گے، عالمی میلے میں جدید مصوری، مجسمہ سازی، فوٹوگرافی، ڈیجیٹل آرٹ اور دیگر تخلیقی فنون کو نمایاں کیا جائے گا۔

منتظمین کے مطابق ورلڈ آرٹ دبئی کے بارہویں ایڈیشن میں 300 سے زائد مقامی اور بین الاقوامی نمائش کنندگان شریک ہوں گے، جن میں 200 سے زائد انفرادی فنکار اور 65 سے زیادہ آرٹ گیلریز شامل ہیں۔

نمائش کا مقصد مختلف ممالک کے فنکاروں، آرٹ کے شائقین، سرمایہ کاروں اور خریداروں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے، جہاں جدید اور روایتی فن پاروں کی نمائش کے ساتھ بین الاقوامی آرٹ مارکیٹ میں کاروباری روابط کو بھی فروغ دیا جائے گا۔

المدثر نیوز ایجنسی کے مطابق چار روزہ نمائش میں مختلف ثقافتوں اور فنکارانہ روایات کی نمائندگی کرنے والے فن پارے پیش کیے جائیں گے، نوجوان اور ابھرتے ہوئے فنکاروں کو بھی اپنی تخلیقی صلاحیتیں بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے کا موقع ملے گا۔

مصوری اور مجسمہ سازی کے علاوہ جدید ڈیجیٹل آرٹ، تخلیقی تجربات اور فوٹوگرافی سے متعلق فن پارے بھی نمائش کا حصہ ہوں گے، منتظمین کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ایڈیشن میں فن پاروں کی فروخت میں 28 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

ورلڈ آرٹ دبئی کو خطے میں فنون لطیفہ اور تخلیقی صنعتوں کے فروغ کیلئے ایک اہم بین الاقوامی پلیٹ فارم سمجھا جاتا ہے، اس کے ذریعے مختلف ممالک کے فنکاروں کو خریداروں، آرٹ گیلریز اور بین الاقوامی شائقین سے براہ راست رابطے کا موقع ملے گا۔

منتظمین کے مطابق رواں سال بھی ثقافتی تنوع، جدید تخلیقی رجحانات اور فنکاروں کیلئے کاروباری مواقع کو خصوصی اہمیت دی جائے گی، چار روزہ عالمی آرٹ میلہ 22 نومبر کو اختتام پذیر ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...