اربوں افراد پینے کے صاف پانی سے محروم، ابوظہبی میں 3 روزہ عالمی واٹر کانفرنس دسمبر میں ہوگی

ابوظہبی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں اقوام متحدہ کی عالمی واٹر کانفرنس 2026ء کا انعقاد 8 سے 10 دسمبر تک ہوگا، جس کی مشترکہ میزبانی متحدہ عرب امارات اور سینیگال کریں گے۔

تین روزہ عالمی کانفرنس میں پانی کی قلت، محفوظ پینے کے پانی کی فراہمی، ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات اور آبی وسائل کے پائیدار استعمال سمیت اہم عالمی مسائل پر غور کیا جائے گا، کانفرنس میں عالمی رہنماؤں، حکومتی نمائندوں، بین الاقوامی اداروں کے عہدیداروں اور آبی وسائل کے ماہرین کی شرکت متوقع ہے۔

اقوام متحدہ کے مطابق دنیا بھر میں تقریباً 2 ارب 10 کروڑ افراد محفوظ طریقے سے فراہم کیے جانے والے پینے کے پانی سے محروم ہیں، جبکہ 3 ارب 40 کروڑ افراد کو صفائی اور نکاسی آب کی مناسب سہولیات میسر نہیں، آبادی میں اضافے، ماحولیاتی تبدیلیوں، خشک سالی اور آبی وسائل پر بڑھتے ہوئے دباؤ کے باعث پانی کا تحفظ عالمی سطح پر ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے، کانفرنس میں ان چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے پر توجہ دی جائے گی۔

نیوز ایجنسی کے مطابق کانفرنس کے دوران پانی کے مؤثر استعمال، جدید آبی ٹیکنالوجی، صاف پانی کی فراہمی، آبی آلودگی کی روک تھام اور پائیدار ترقی کے اہداف سے متعلق امور زیرِ بحث آئیں گے۔

ماہرین پانی کے دوبارہ استعمال، وسائل کے بہتر انتظام اور موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والے چیلنجز کے حل کیلئے جدید سائنسی طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کریں گے، اس کا ایک اہم مقصد پانی اور صفائی سے متعلق اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف پر پیش رفت کو تیز کرنا ہے۔

متحدہ عرب امارات کی جانب سے عالمی واٹر کانفرنس کی میزبانی آبی مسائل کے حل کیلئے مختلف ممالک کو مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کرے گی، تین روزہ اجلاس میں محفوظ پینے کے پانی کی دستیابی، آبی وسائل کے مستقبل اور آنے والی نسلوں کیلئے پانی کے پائیدار انتظام سے متعلق عالمی ترجیحات پر غور کیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...