ترکی میں آگ نہ بجھ سکی، 4 ہلاک، تخریب کاری کے خدشات
6صوبوں کے جنگل میں آتشزدگی،57مقامات پر قابوپالیا،14مقامات پر آگ بجھانے کی کوششیں جاری:اردوان ، ہزاروں افراد کا انخلا،23سو عمارتیں متاثر،آگ لگنے کی تحقیقا ت شروع،عمران خان اور شہباز کا ترک عوام سے اظہار یکجہتی
انقرہ (مانیٹرنگ ڈیسک)ترکی کے 6صوبوں میں متعدد مقامات پر بھڑکی آگ بجھ نہ سکی ،درجنوں دیہات ،ہوٹلوں کو خالی کرالیا گیا جبکہ ہزاروں افراد کو انخلا کرنا پڑا،آتشزدگی سے 4 افرادہلاک اور180 سے زائد زخمی ہوگئے ۔حکام نے مشتبہ آگ کی تحقیقات بھی شروع کردیں۔ 28جولائی کو سب سے پہلے تفریحی مقام اناطالیہ میں 4 مقامات پر آگ بھڑک اٹھی تھی ۔جس کے بعد دیکھتے ہی دیکھتے کئی علاقوں میں آگ بھڑک اٹھی ۔ جنوبی ترکی کے علاقے ایجین میں 71مختلف مقامات پر جنگل میں آتشزدگی جاری ہے ،صدر اردوان نے میڈیا کو بتایاکہ 71 میں سے 57مقامات پر لگی آگ پرقابو پالیاگیا،اب صرف 14مقامات پر لگی آگ کو بجھانے کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں،انہوں نے کہاکہ 5جہاز،45ہیلی کاپٹر،درجنوں ڈرون،680 فائر اٹینڈنٹس اور5ہزار سے زائد فائر فائٹرز آگ بجھانے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔آگ کو بجھانے کیلئے روس،یوکرائن اور آذربائیجان سے جہاز طلب کیے گئے ہیں۔آگ سے 2300سے زائد عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا،ترکی کے وزیر جنگلات باقرپاکدمرلی نے کہاکہ آگ لگانے کا جوبھی ذمہ دار ہوااسے سخت سزا دی جائے گی۔آتشزدگی سے جن کا نقصان ہواہے آج سے انہیں امدادی رقوم دینے کا سلسلہ شروع کیاجائے گا۔مرمریز شہر کے میئر نے کہاکہ خدشہ ہے کہ یہ آگ شرپسند عناصر نے لگائی ہے ۔استنبول کے گورنر نے ایک ماہ کیلئے جنگل میں جانے پر پابندی لگادی۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے آتشزدگی پر ترک عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا،انہوں نے ٹویٹ میں کہا کہ ہم ترک عوام کیساتھ ہیں،اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے بھی ترک عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا۔