مریم نواز لندن سے پاکستان روانہ،اسحاق ڈار کی کل واپسی
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک،دنیا نیوز)مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزرمریم نواز لندن سے براستہ عرب امارات پاکستان روانہ ہوگئیں جبکہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کل بدھ کو واپسی کا اعلان کیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق مریم نواز لندن میں چار روز قیام کے بعد ایون فیلڈ ہاؤس اپارٹمنٹ سے ہیتھروایئرپورٹ کے لئے روانہ ہوئیں،وہ براستہ یو اے ای پاکستان پہنچیں گی۔ ذرائع کے مطابق مریم نواز نے 4 روزہ دورے میں حسن نواز کے دفتر میں مختلف وفود سے ملاقاتیں کیں اوراپنی بیٹی کے داخلہ کے سلسلہ میں لندن کی یونیورسٹی بھی گئیں۔ ذرائع نے بتایا نوازشریف، شہباز شریف، اسحاق ڈار اور مریم نواز کی ملاقات میں مریم نواز کی واپسی کا فیصلہ ہوا، وہ پاکستان جا کر نوازشریف کے استقبال کیلئے تیاریوں کا جائزہ لیں گی۔دریں اثناء اسحاق ڈار نے کہا ہے نواز شریف کی واپسی کے حوالے سے مشاورت مکمل کر لی گئی ہے ، میں بدھ کو واپس پاکستان آ رہا ہوں۔لندن میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ن لیگ کا بیانیہ بڑا واضح ہے ، پاکستان کو واپس 24 ویں معیشت بنانا ہے ، اگر عوام نے موقع دیا تو نواز شریف کی قیادت میں پاکستان دوبارہ ترقی کرے گا۔