مقبوضہ کشمیر:بھارتی ریاستی دہشتگردی جاری،2نوجوان شہید
سرینگر(اے پی پی)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشتگردی کی تازہ کارروائی کے دوران گزشتہ روز ضلع کپواڑہ میں دو نوجوانوں کو شہید کر دیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوانوں کو ضلع کے علاقے گگل دھر میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران ایک جعلی مقابلے میں شہیدکیا۔این آئی اے کی ٹیموں نے پیرا ملٹری اہلکاروں کے ہمراہ بارہمولہ، کپواڑہ اور بانڈی پورہ اضلاع کے کئی علاقوں میں چھاپے مارے اور تلاشی لی۔ ادھر مقبوضہ وادی میں نام نہاد اسمبلی انتخابات کے نتائج سے پہلے انتظامیہ نے پابندیاں مزید سخت کر دیں ۔یاد رہے اسمبلی انتخابات کا انعقاد 18، 25 ستمبر اور یکم اکتوبر کو تین مرحلو ں میں ہوا ۔ نتائج کا اعلان 8اکتوبر کو کیا جائے گا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میرواعظ عمر فاروق نے سرینگر میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کے دوران کہا کہ بھارت نے کشمیریوں سے ان کا سب کچھ چھین لیا ہے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے انتخابات کو مسئلہ کشمیر کے حل سے جوڑنا کسی طور پر جائز نہیں کیونکہ انتخابات کشمیریوں کے جذبات اور امنگوں کی نمائندگی نہیں کرتے ۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے کے عوام خود کو بے بس محسوس کررہے ہیں ، ان کے اختیارات سلب کر لیے گئے ہیں ، زمینوں ، نوکریوں، املاک اور انکے وسائل کو چھینا جارہا ہے جس سے علاقے میں خوف کا ماحول پیدا ہوگیا ہے ۔