ٹرمپ نے ایلون مسک کی ورکر ویزا پالیسی کی حمایت کردی

ٹرمپ نے ایلون مسک کی ورکر ویزا پالیسی کی حمایت کردی

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ورکر ویزے سے متعلق اپنے مشیر ایلون مسک کے منصوبے کو قابل عمل قرار دیدیا۔

ٹرمپ کی جماعت ریپبلکن کے ارکان اسمبلی نے ورکر ویزے سے متعلق ایلون مسک کے منصوبے سے اختلاف کیا تھا۔ٹرمپ نے کہا وہ اپنے اپنے شعبے میں انتہائی مہارت کے حامل غیرملکی ہنرمندوں کو امریکا میں خوش آمدید کہیں گے ۔انہوں نے نیویارک پوسٹ کو مزید بتایا کہ میں ہمیشہ سے ایچ ون بی ویزے کا زبردست حامی رہا ہوں اور ایسے ویزوں کے حامل افراد کو میں خود اپنے ذاتی اداروں میں ملازمت دیتا ہوں۔یاد رہے کہ ایچ ون بی ویزے پر ایلون مسک اور ٹرمپ کے روایتی حامیوں کے درمیان کئی روز سے لفظی گولہ باری جاری تھی تاہم ٹرمپ کے اس پالیسی بیان کے بعد یہ لفظی جنگ تھم گئی۔دوسری جانب دنیا کے امیر ترین شخص اور ٹرمپ کے مشیر ایلون مسک نے مشہور پوڈ کاسٹ ’دی جوئے روگن‘ میں انکشاف کیا کہ اگر مناسب اقدامات نہ کئے گئے تو امریکی معیشت دیوالیہ ہوسکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ قومی امریکی قرض 36 اشاریہ 17 ٹریلین ڈالر ہو چکا ہے جو کافی خطرناک ہوسکتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں