گرین لینڈ ضرورت،ہرصورت حاصل کرناہوگا:ٹرمپ

واشنگٹن ،کوپن ہیگن (اے ایف پی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گرین لینڈ کے بارے میں اپنے دعوؤں کو دہراتے ہوئے نائب صدر جے ڈی وینس کے متنازعہ دورے سے قبل کہا ہے کہ امریکا کو بین الاقوامی سلامتی کیلئے ڈینش جزیرے کی ضرورت ہے ۔
ڈونلڈٹرمپ نے ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ ہمیں بین الاقوامی حفاظت اور سلامتی کیلئے گرین لینڈ کی ضرورت ہے ۔ ہمیں یہ ہرحال میں حاصل کرنا ہوگا۔دوسری طرف ڈنمارک نے واشنگٹن کے گرین لینڈ کے امریکی وفد کے دورہ کو امریکی فوجی اڈے تک محدود کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے ۔ امریکی نائب صدر جے ڈی وانس نے اعلان کیا ہے کہ وہ کل جمعہ کو اپنی اہلیہ اوشا کے ساتھ گرین لینڈ میں واقع پٹوفک سپیس بیس پر جائیں گے ۔واضح رہے کہ جنوری میں اقتدار میں واپسی کے بعد سے ٹرمپ نے اصرار کیا ہے کہ وہ قومی سلامتی کے مقاصد کیلئے گرین لینڈ پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں تاہم وہ ایسا کرنے کیلئے طاقت کے استعمال کو مسترد کرنے سے انکار کرتے ہیں۔