غزہ : اسرائیل کا حملوں میں شدت کا اعلان ، بمباری سے 7 بچوں سمیت مزید 38شہید

غزہ (اے ایف پی ،مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیل کی غزہ پر بمباری کے نتیجے میں 7 بچوں سمیت مزید 38 فلسطینی شہید ہوگئے ۔۔
جبکہ اسرائیل نے حملوں میں شدت لانے کا اعلان کیاہے ۔تنظیم سیو دی چلڈرن کے مطابق اسرائیلی بمباری سے ایک ہفتے میں 270 بچے شہید ہوگئے جب کہ گزشتہ روز کے حملوں میں 7 بچوں سمیت مزید 30 فلسطینی شہید ہوئے ۔ اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کو جبالیہ کا علاقہ خالی کرنے کا حکم بھی دے دیا جس کے بعد ہزاروں تباہ حال فلسطینی دوبارہ بے گھر ہوگئے ہیں۔فلسطینی وزارت صحت کاکہناہے کہ 18 مارچ کو جنگ بندی کی خلاف ورزی کے بعد سے اسرائیل کی جانب سے بڑے پیمانے پر حملے دوبارہ شروع کرنے کے بعد فلسطینی علاقے میں کم از کم 830 افراد ہلاک ہو چکے ہیں ،ان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہلاک ہونے والے 38 افراد شامل ہیں جبکہ 7 اکتوبر 2023 کو جنگ شروع ہونے کے بعد سے اب تک مجموعی طور پر شہادتوں کی تعداد50ہزار 183تک پہنچ گئی ہے ۔ اسرائیل کی فوج نے گزشتہ روز دعویٰ کیاکہ غزہ سے اسرائیلی علاقے میں دو پروجیکٹائل فائر کئے گئے ، جن میں سے ایک کو روک لیا گیا اور دوسرا غزہ کی سرحد کے قریب زمرت کے علاقے میں گرا۔ اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے گزشتہ روز ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھاکہ اسرائیلی فوج جلد ہی غزہ کے اضافی حصوں میں مکمل طاقت کے ساتھ آپریشن کرے گی اورفلسطینیوں کو اپنی حفاظت کے لئے جنگی علاقوں سے انخلا کیلئے کہا جائے گا۔